• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت کا الطاف حسین و دیگر کو 15 لاکھ پاؤنڈ ٹیکس ادا کرنے کا حکم

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ )برطانیہ کی ایک کاؤنٹی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے موجودہ اور سابق سینئر رہنماؤں بشمول الطاف حسین اور طارق میرکے خلاف فیصلہ جاری کرتے ہوئے انہیں تقریباً15لاکھ پاؤنڈ (52 کروڑ11 لاکھ87ہزار 423پاکستانی روپے)برطانوی حکومت اور انکم ڈپارٹمنٹ کو ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ دی نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق فیصلے میں نارتھمپٹن کنٹری کورٹ کے جج ہینلے نے ایچ ایم آر سی کی طویل عرصے سے زیر سماعت درخواست پر فیصلہ دیا ہے ۔ یہ فیصلہ الطاف حسین سید طارق میر، افتخار احمد اور محمد کلیم اللہ سید کے خلاف آیا ہے اوریہ ریونیو اور کسٹم ڈپارٹمنٹ نے یہ مقدمہ دائر کر رکھا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’’ یہ فیصلہ طارق میر، الطاف حسین، سیدکلیم اللہ کی جانب سے 14 لاکھ 76 ہزار606 برطانوی پاؤنڈ کی مجموعی رقم کی نادہندگی کے حوالے سے ہے۔ ان میں سے افتخار حسین، مدعاعلیہ نمبر 2کے خلاف دعوی ابھی زیرسماعت ہے۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ حکم ایک فریق کی درخواست پر بغیر نوٹس کے دیا گیا تھا چنانچہ ایم کیو ایم کے مدعاعلیہان کو حق ہے کہ وہ عدالت میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکیں۔ الطاف حسین اور طارق میر نے کوئی بھی غلط کام کرنے کی تردید کی ہے اور فیصلہ کسی جرم یا قصور کی پاداش میں نہیں بلکہ کئی برس سے زیرسماعت ایک دیوانی مقدمہ ہے۔ واضح رہے کہ تین سال قبل برطانوی حکومت کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ ’ ایچ ایم آرسی ‘نے الطاف حسین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کالا دھن سفید کرنے کی تحقیقات کے دوران کہا تھاکہ ٹیکس چوری کی گئی ہے۔اب تقریباً چار برس کی تحقیقات کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ کو کالادھن سفید کرنےکے کوئی شواہد ملےاور اس نے الطاف حسین اور دیگر کیخلاف تحقیقات ختم کر دی تھیں لیکن اسی کیس کے دوران تفتیش کاروں نے پتہ چلایا تھا کہ ایم کیو ایم نے پاکستان اور دنیا بھر سے عطیات وصول کیے جنہیں ’ ایچ ایم آرسی‘ آمدن تصور کرتا ہے اور یہ کہ ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکرٹیریٹ میں بہت سے لوگ کام کر رہےتھے جنہیں بااقاعدہ ماہانہ بنیادوں پر تنخواہیں دی جاتی تھیں اور چند ایک کی تنخواہیں تو بہت زبردست تھیں۔ یہ کیس ’ پے ایز یو ارن‘(PAYE) کی عدم ادائیگی کے گرد گھومتا ہے ۔ یہ ایک برطانوی نظام ہے جسے کوئی بھی آجر تنخواہ دینے سے پہلے انکم ٹیکس اور نیشنل انشورنس کا حصہ نکالنے کےلیے استعمال کرتا ہے۔ ایچ ایم آر سی کہتا ہے کہ ایم کیو ایم کو اپنے آمدن پر عطیات پر اپنے ذمے ٹیکسز ادا کرنےچاہئیں تھے جو اسے ملے۔

یورپ سے سے مزید