• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ و یورپ بھارت پر سیاسی سفارتی دباؤ ڈال کر مسئلہ کشمیر حل کروائیں، حبیب الرحمان آفاقی

برمنگھم (پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان کے مرکزی رہنما چوہدری حبیب الرحمٰن آفاقی نے کہا ہےکہ عالمی امن اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام اور بھارتی فوجی کی درندگی نظر اس لیے نہیں آتی کہ کشمیرمیں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے ،اقوام متحدہ کی خاموشی خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے ، ریجن میں چار ایٹمی قوتیں ہیں جن کے درمیان مسئلہ کشمیر کا ُپُرامن حل ہی امن کی ضمانت مہیا کرتا ہے، برطانیہ اور یورپین ممالک اگر بھارت پر سیاسی سفارتی دباؤ ڈالیں تو مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہوسکتا ہے، کشمیری 75 سال سے عالمی معادؤں کی پاسداری کے لیے جدوجہد کر رہے، جانوروں کے حقوق کے علمبردار مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے انسانوں کے حقوق اور ان کی آزادی پر بھی توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931کے شہدائے کشمیر نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے آزادی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں حالیہ تحریک آزادی اس کا تسلسل ہے، کشمیری پوری دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اپنے اس حق کیلئے کوشش کر رہے ہیں جس کا عالمی برادری نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا، اسے حاصل کرنے کیلئے بھارت کے خلاف میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان کے حکمرانوں کی پالیسیاں بھی بڑی تشویش ناک ہیں پاکستان کی شے رگ دشمن کے قبضے میں اور کشمیری پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کانفرنس کی صدرات مقبوضہ کشمیر کے جلاوطن مقبوضہ کشمیر کے رہنما نذیر قریشی نے کی، انہوں کہاکہ 13جولائی 1931کو ایک اذان مکمل ہونے تک 22 مسلمانوں نے شہادت کا نذرانہ پیش کیا، آج ساری حریت قیادت جیلوں میں بند ہے ،سید علی گیلانی، اشرف سحرائی کو جیل اور گھر میں شہید کیا، یٰسین ملک کو موت کی سزا دینے کے لیے بھارت سازشیں کر رہا ہے۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ مسلہ کشمیر پر کسی کو سودے بازی اور سازشیں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،1931سے لیے کر آج لاکھوں کشمیری جانوں کے نظرانے پیش کر چکے ہیں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے قائم مقام صدر چوہدری محمد شریف نے شہدائے کشمیر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہم آزادی حاصل کر کے دم لیں گے۔ کانفرنس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم، برمنگھم برانچ کے صدر چوہدری اکرام الحق، بانی رہنما شبیر حسین، یوکے اسلامک مشن کے سابق صدر علامہ سرفراز مدنی، پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سکریٹری حافظ محمد ادریس ،تحریک استحکام پاکستان برطانیہ کے ترجمان افتخار جگنو، غضنفر محمود نے بھی خطاب کیا۔ برمنگھم(فوٹو) تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام شہدائے کشمیر کانفرنس سے مہمان خصوصی چوہدری حبیب الرحمان آفاقی، نذیر قریشی، محمد غالب، چوہدری محمد شریف، چوہدری اکرام الحق، مفتی عبدلمجید ندیم۔ حافظ محمد ادریس، شبیر حسین، محمد منیر مغل،علامہ سرفراز مدنی، افتخار جگنو، غضنفر محمود خطاب کر رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید