• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پورٹ پر بلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل تعمیر ہوگا

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں ایسٹ وہارف میں بلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل کی تعمیر کیلئے تعاون کے فریم ورک معاہدے پر مذاکرات کی اجازت دے دی ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بدھ کو دی نیوز کو بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل کی تعمیر اور ایسٹ وہارف کراچی پورٹ پر متعلقہ انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ معاہدے کا مسودہ پاکستانی حکام کو موصول ہوا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) بورڈ نے اس کا جائزہ لیکر اسے وزارت سمندری امور کو بھجوا دیا ہے۔ وزارتوں کے مابین بات چیت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بین الحکومتی تجارتی لین دین ایکٹ 2022 کے سیکشن 3 کے مطابق وفاقی حکومت غیر ملکی ریاست کے ساتھ G2G معاہدہ کر سکتی ہے، جس میں مطلوبہ تجارتی لین دین کے عمل کیلئے وسیع پیرامیٹر اور طریقہ کار شامل ہوگا۔ کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین (CCoIGCT) سے فریم ورک معاہدے پر بات چیت کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ فریم ورک معاہدے کے مسودے پر مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس کا قانون و انصاف ڈویژن اور وزارت خارجہ کے ذریعے جائزہ لیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید