اسلام آباد ( آن لائن ) سیما حیدر اور انجو کا معاملہ مشترکہ ایوان میں پہنچ گیا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران سینیٹر دنیش کمار کا کہنا ہے کہ سیما حیدر پاکستان سے بھارت گئی مگر دھمکیاں ہمیں مل رہی ہیں۔سندھ کے ڈاکو ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ سیما حیدر کو واپس لائیں۔ڈاکو کہتے ہیں کہ سیما کو واپس نہیں لا سکتے تو پھر آپ لوگ بھی بھارت چلے جائیں۔میرے پاس دھمکی آمیز ویڈیو بھجوائی گئی ہے، ہم پاکستان کے پرچم کا سفید حصہ ہیں۔اس دھرتی کیلئے ہم نے بھی قربانیاں دی ہیں۔سینیٹر دنیش کمار نے مزید کہا کہ ریاست کا کام ہے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے۔سیما حیدر کو کیا ہم نے بھگایا تھا؟ یا انجو کو ہم نے بلایا ہے؟۔خیال رہے کہ سیما حیدر نامی پاکستانی خاتون بھارتی نوجوان کی محبت میں اپنے چار بچوں کے ہمراہ انڈیا پہنچ گئی تھی۔سیما حیدر دو ممالک سے ہوتی ہوئی انڈیا پہنچی اور اب دونوں شادی بھی کر چکے ہیں۔