• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ورلڈ بینک کے تعاون سے 13 فعال منصوبے جاری ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ورلڈ بینک کے تعاون 3.8ارب ڈالر کی لاگت سے 13 فعال منصوبے جاری ہیں ،رواں مالی سال 700.25 ملین ڈالر جاری کئے جائیں گے،کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 19 ملین امریکی ڈالر مالیت کے 8 منصوبے جاری ہیں جن پر کام کی مجموعی پیش رفت 57 فیصد ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منگل کو ورلڈ بینک کے 10 رکنی سینئر وفد کے ساتھ ایک تفصیلی، شعبہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ وفد کی قیادت کنٹری ڈائریکٹر محترمہ بولورما امگابازار کر رہی تھیں۔ اجلاس میں سندھ کے ترقیاتی منصوبہ جاتی پورٹ فولیو کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیاگیا اور آئندہ ترجیحات پر اتفاق کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری سندھ کے اصلاحاتی اور بحالی کے ایجنڈے کا مرکزی ستون ہے۔ ہم تیز تر عمل درآمد، مضبوط نتائج اور شہریوں کے لئے واضح اثرات چاہتے ہیں۔پورٹ فولیو کا جائزہ، سندھ میں ورلڈ بینک کے تحت اس وقت 13 فعال منصوبے جاری ہیں جن کی مجموعی لاگت 3.8 ارب امریکی ڈالر ہے جبکہ اب تک 1.96 ارب امریکی ڈالر جاری کئے جا چکے ہیں۔ مالی سال 2025-26 کے لئے سندھ حکومت اور ورلڈ بینک نے 700.25 ملین امریکی ڈالر کے بنیادی اجرا کا ہدف مقرر کیا ہے۔شہری ترقی شہری ترقی، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی خدمات سے متعلق منصوبوں میں 230 ملین امریکی ڈالر کا کمپٹیٹیو اینڈ لیویبل سٹی آف کراچی منصوبہ، 382 ملین امریکی ڈالر کا کراچی موبیلٹی منصوبہ اور 100ملین امریکی ڈالر کا سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشنسی منصوبہ شامل ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹاؤن میونسپل کمیٹیوں کے 161 منصوبے، جن کی مالیت 66.7ملین امریکی ڈالر ہے، زیرِ تکمیل ہیں، جن میں سے 47 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر جسمانی پیش رفت 61 فیصد ہے۔ باقی منصوبے 30 مارچ 2026 تک مکمل کیے جانے ہیں۔اسی طرح کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 19ملین امریکی ڈالر مالیت کے آٹھ منصوبے جاری ہیں جن پر کام کی مجموعی پیش رفت 57فیصد ہے۔
اہم خبریں سے مزید