کراچی( سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی میں اور شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور میں مستقل وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ جس کے بعد دونوں وائس چانسلرز کی چار برس کی تقرری کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں امیدواروں کے انٹرویو کے بعد ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی میں الطاف سیال اور شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور میں ڈاکٹر نوید شیخ کے نام کی منظوری دی لیکن حیرت انگیز طور پر دونوں امیدوار پہلے نمبر پر نہیں تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کئی جامعات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بغیر امیدواروں کے انٹرویو کے سرچ کمیٹی کی سفارش پر ہمیشہ پہلے نمبر پر آنے والے امیدوار کو وائس چانسلر تعینات کیا تھا تاہم اس مرتبہ انھوں نے دونوں جامعات کے امیدواروں کے انٹرویوز لیے اور پہلے نمبر والے امیدواروں کا انتخاب نہیں کیا جب کہ سرچ کمیٹی نے شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور کے وائس چانسلر کے لیے ڈاکٹر میر محمد شاہ، ڈاکٹر نیاز احمد بھٹو اور ڈاکٹر نوید احمد شیخ کے ناموں کا انتخاب کیا تھا اسی طرح ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے ڈاکٹر اسماعیل کنبھر، ڈاکٹر جان محمد مری، اور ڈاکٹر الطاف سیال کا نام ارسال کیا گیا تھا تاہم ایک امیدوار کی سیکورٹی کلیئرنس نہ ہوسکی تھی اس لئے دو امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا تھا۔