اسلام آباد (صالح ظافر) سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود ڈی 8کے سیکریٹری جنرل مقرر، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کو نو ممالک کے اقتصادی تعاون کی تنظیم ڈی-8، جسے ترقی پذیر آٹھ ممالک (ڈویلپنگ-8) بھی کہا جاتا ہے، کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ سہیل محمود اس وقت ممتاز ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل ہیں۔ وہ ماہ کے آخر میں استنبول میں واقع ڈی-8 کے ہیڈ کوارٹرز پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔خبر رساں سفارتی ذرائع نے بدھ کو دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ سہیل، جو ایک ہونہار سفارت کار ہیں، تنظیم کے پہلے پاکستانی سیکرٹری جنرل ہوں گے۔ وہ نائجیریا کے عیسیٰ عبدالقادر امام کی جگہ لیں گے۔ آذربائیجان نے گزشتہ سال تنظیم میں نویں رکن کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔