کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں انتظامیہ کی نااہلی ،بزرگ شہری نالے میں گر کر جاں بحق،متوفی کے گھر نہ پہنچنے پر بیٹوں نے تلاش شروع کی تو نالے کے پاس سائیکل گری دیکھ کر حادثے کا علم ہوا ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حادثہ کورنگی نمبر3کبڈی گراؤنڈ کے قریب نالے کی حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 3 کبڈی گراؤنڈ کے قریب بزرگ شہری 70 سالہ کالے خان کے نالے میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔بزرگ شہری کے نالے میں گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔فوٹیج میں بزرگ شہری کو سائیکل لے کر سڑک کنارے چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ بزرگ شہری اچانک نالے میں جاگرا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔علاقہ مکینوں کے مطابق نالے کی حفاظتی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر اسٹریٹ لائٹ نہ ہونے کے باعث اندھیرا تھا، علاقے میں جگہ جگہ نالے کھلے ہوئے ہیں۔