محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی سبیل اور لنگر کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔
ملتان میں ایک سبیل ایسی بھی ہے جو 5 سو سال قدیمی ہے اور اپنے منفرد انداز کے باعث مٹکے والی سبیل کے نام سے مشہور ہے۔
ملتان کے حسین آگاہی بازار میں لگائی جانے والی اس سبیل کی انفرادیت یہ ہے کے اس میں مٹی کے مٹکوں میں رات بھر پانی بھر کر رکھ دیا جاتا ہے، تمام رات مٹی کی خوشبو اس پانی کو مہکانے کے ساتھ ٹھنڈا بھی کر دیتی ہے اور پھر تمام دن بازار آنے والے خریدار اور راہگیر اس ٹھنڈے پانی کی سبیل سے مستفید ہوتے ہیں۔
اس سبیل کو لگانے والے قیصر عباس کا کہنا ہے کہ 5 صدیوں سے ان کے آبا و اجداد معصومینؓ کربلا کی پیاس کی یاد میں یہ سبیل لگاتے چلے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اب وہ ناصرف اس سلسلے کو قائم رکھے ہوئے ہیں بلکہ دورِ جدید میں بھی مٹی کے مٹکوں میں پانی ٹھنڈا کرنے کی روایت کو بھی برقرار رکھا ہے۔
خیال رہے کہ مٹکوں والی سبیل ملتان کی تاریخ میں سب سے پرانی سبیل کے طور پر جانی جاتی ہے جو یکم سے 13 محرم الحرام تک جاری رہتی ہے۔