کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے ہمیں درس ملتا ہے کہ عظیم مقاصد کی خاطر بڑی قربانیاں دینا پڑتی ہیں اور بالآخر فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول امام حسینؓ نے اپنی اور اپنے پیاروں کی جانیں قربان کرکے سکھایا کہ حق کے ساتھ کھڑا ہونے والا سر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کے تمام رفقا بشمول ان کی ہمشیرہ بی بی زینب کا حوصلہ، صبر و استقلال اور تدبر بھی مشعل راہ ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو امامِ حسین کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔