اسلام آباد (فاروق اقدس/ خصوصی رپورٹ) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اتوار کو ایک روزہ دورے پر دبئی جائیں گے جہاں وہ ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کے علاوہ شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر ان سے تعزیت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو دبئی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ مادام تساؤ میوزیم بھی جائیں گے جہاں حال ہی میں محترمہ بینظیر بھٹو کا مومی مجسمہ رکھا گیا ہے اور اس موقعہ پر ہونے والی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے بلاول بھٹو اس موقع پر شرکا سے خطاب بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی وہ پہلی شخصیت ہیں جن کا مومی مجسمہ یہاں آویزاں ہے۔