بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بریڈفورڈ ٹائون ہال میں غازی ملت سردارابراہیم خان کی 20ویں برسی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کونسلرز، سابق لارڈ میئرز ، میڈیا نمائندگان اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت سابق مشیر حکومت آزادکشمیر راجہ شوکت خالق نے کی اس موقع پر تقریب کے میزبان تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) نے آزاد کشمیر کے بانی صدر سردارمحمد ابراہیم خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے کشمیریوں کی قیادت کرتے ہوئےاپنے جاندار کردار سے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت بخشی وہ اس وقت تک پہلے کشمیری رہنما ہیں جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پرمتعدد بار خطاب کرکے موثر طورپر کشمیریوں کی نمائندگی کی، غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان الحاق پاکستان کے داعی تھے ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی رہائش گاہ سری نگر کے مقام پر الحاق پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی جوجدوجہد انہوں نے سرینگر سے شروع کی تھی اسے کشمیریوں کے حق خودارادیت ملنے تک جاری رکھیں گے، ان کے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کے مشن کو پورا کریں گے،انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانی عوام کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے کشمیر کی لڑائی کواپنی لڑائی بنایا اور چار جنگوں کا بوجھ اٹھایا، غازی ملت سردار ابراہیم خان کی تحریک آزادی کی جلائی ہوئی شمع کو ہمیشہ روشن رکھیں گے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یسین ملک کی مسلسل گرفتاری کے خلاف بات کرتے ہوئے راجہ نجابت حسین نے کہاکہ ہم نے بھارت کی اس مجرمانہ ذہنیت کے خلاف مختلف برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے پٹیشن سائن کروائی اور برطانوی پارلیمنٹ کےاندر بحث کا اہتمام کروایا آسیہ اندرابی اور دیگر مقبوضہ کشمیر کی اسیر قیادت کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ سابق مشیر حکومت آزادکشمیر راجہ شوکت خالق نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار ایسی ہستیاں ہیں جن کا کردار نہ صرف سیاستدانوں بلکہ پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہے میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے سردار ابراہیم مرحوم کے صدارتی ادوار دیکھے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مختلف سیاسی نظریات رکھنے والی تمام جماعتیں کشمیر کے مسلۂ پر متحد ہیں اور ہمیشہ یک زبان ہو کر تحریک کشمیر کے لیے آواز بلند کی ہے فلسطینیوں کی طرح کشمیری بھی اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،پاکستان نے تین جنگیں کشمیر کیلئے لڑیں ہیں اس کے باوجود کشمیری بنیادی فریق ہیں۔سابق صدر سردار ابراہیم خان مرحوم کے بھتیجے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان نے سردار ابراہیم مرحوم کی سیاسی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غازی ملت نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کیلئے بھرپور انداز میں اپنا تاریخی کردار ادا کیا، سردار ابراہیم خان مرحوم کو چاربار آزاد کشمیر کا صدر ہونے کے باوجود سیاسی تکلیف دہ صورتحال کو سامنا رہا لیکن اس کے باوجود ان کے پایۂ استقلال میں لغزش نہیں آئی کیونکہ ان کے سامنے پاکستان کی عظیم عوام اور خوبصورت دھرتی تھی لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں وہ سیاست کو ذریعہ آمدنی نہیں سمجھتے تھے وہ وکالت سے منسلک رہے۔ تقریب سے سپریم کورٹ آزادکشمیر بار کے سابق صدر بابر علی ایڈوکیٹ ،سابق لارڈمیئر رنگ زیب چوہدری ، کونسلر صبیحہ خان ،کونسلر شفیق ، کونسلر طلعت سجاول ،سابق کونسلر چوہدری الطاف پوٹھی ،بزرگ رہنماشاہ محمد کھوکھر ، پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور ، ممتاز مذہبی سکالر قاری محمد عباس اور دیگر نے اپنےخطاب میں سردار ابراہیم مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں آرٹیکلز 370 اور35-Aکا خاتمہ بھارتی فسطائی ہتھکنڈہ ہے 5 اگست کو بھارت کی اس غیر قانونی اقدام کے خلاف بھرپوراحتجاج کیا جائے گا ،اس سلسلے برطانیہ بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا بریڈفورڈ ٹاون ہال میں منعقدہ تقریب میں ڈیوزبری کی کونسلر عطرت علی ، سابق لارڈ مئیر راجہ غضنفر خالق ،عمران علی ،چوہدری محمد اسلم ،سینئر میڈیا پرسن شمیم اشرف ، طاہر ، انوارالحق ،خالد خالق ، ہیری بوٹا، شیخ سعید ، چوہدری محمد بشیر اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ آخر میں قاریمحمد عباس نے شہدائے کشمیر ، آزادی کشمیر اور سردار ابراہیم کی روح کو ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی۔