برصغیر کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کا ممبئی کے پرتعیش رہائشی علاقے پالی ہل پر واقع بنگلے کو جلد ہی مسمار کردیا جائے گا۔
اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ان کے خاندان نے یہاں پر ایک پرتعیش رہائشی پروجیکٹ کے لیے بنگلے کو گرانے کے حوالے سے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہاں پر ایک میوزیم تعمیر کیا جائے گیا جس میں عہد ساز اداکار اور بالی ووڈ کے پہلے خان سے وابستہ یادوں اور اشیا کو رکھا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے اس علاقے میں زمین اور جائیداد کی بہت زیادہ مانگ ہے اور یہ پلاٹ آدھے ایکڑ سے زیادہ رقبے پر محیط ہے، جبکہ نئے پروجیکٹ کا کورڈ ایریا پورے کسنٹرکشن ایریا کا ایک لاکھ 75 ہزار اسکوائر فٹ اور 11 فلورز پر مشتمل ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کا خاندان 2027 تک پایہ تکمیل کو پہنچنے والے اس پروجیکٹ کے روح رواں اشعر گروپ کا شراکت دار ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس رہائشی ٹاور سے 900 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی آمدنی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار کی یہ پراپرٹی کافی عرصے تک قانونی تنازع کا شکار رہی، خاندان کے مطابق ایک ریئل اسٹیٹ ادارے نے جعلی دستاویزات بناکر اسے ہتھیانے کی کوشش کی تھی، لیکن ایک طویل قانونی جنگ کے بعد 2017 میں سائرہ بانو نے یہ خوش خبری سنائی تھی کہ ان کی جائیداد واگزار کروالی گئی ہے۔
دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 7 جولائی 2021 کو ممبئی میں انتقال کر گئے تھے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ سائرہ بانو کو چھوڑا۔
سائرہ بانو بھی بالی ووڈ کے سنہرے دور کی اداکارہ ہیں۔ ان کی اور دلیپ کمار کی 1966 میں شادی ہوئی۔ شادی سے قبل دونوں نے کئی ہٹ فلموں میں کام کیا تھا۔