برمنگھم (ابرار مغل) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے لیے نافذ دفعہ370کے خاتمے کے خلاف کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی نے یوم سیاہ منایا۔کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی غیر منصفانہ اقدامات کا نوٹس لیاجائے برمنگھم میں کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر مولانا طارق مسعود کی صدارت اور سیکرٹری جنرل صاحبزادہ فاروق القادری کی نظامت میں ایک مذمتی اجلاس منعقد ہوا جس میں کشمیر رابطہ کمیٹی کے مختلف اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارتی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ5اگست ایک سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے متنازع علاقے کی الگ پہچان کو ختم کرکے اس کو ضم کرنے کی ناکام کوشش کی اور پوری ریاست کو منی جیل میں تبدیل کردیا گیا، لیکن جرأت مند اور غیرت مند کشمیریوں نے تمام تر مظالم کے باوجود بھی سر خم نہیں کیا ہے۔ ان رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ اقوام عالم حریت رہنما یسین ملک سمیت تمام اسیران کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور بھارت یسین ملک کو پھانسی دینے سے باز ر ہے۔ اس موقع پر کشمیر کی آزادی کے لیے دعابھی کی گئی۔