اسلام آباد (مہتاب حیدر) تمباکو کے شعبے کی ایک بڑی کمپنی نے اپنے برانڈز میں سے ایک کی خوردہ قیمت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مقررہ شرح سے کم مقرر کردی ہے جس سے مبینہ ٹیکس چوری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی تمام قوانین اور ضوابط کی سختی سے تعمیل کرتی ہے اور زمینی قوانین کی تعمیل میں پاکستان میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ملٹی نیشنل تمباکو کمپنی نے اپنے برانڈز کو کم قیمت والے برانڈ کے طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ 9 اگست 2023 کو کمپنی نے اپنے سگریٹ برانڈز کی قیمتوں کی فہرست چھاپی اور اشتہار کے مطابق اس کی خوردہ قیمت 326.27 روپے تھی اور سیلز ٹیکس 58.73 روپے تھا، اس طرح اس برانڈ کی کل فروخت کی قیمت 385 روپے ہے۔ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے شیڈول 1 ، آئٹم نمبر9 کے مطابق برانڈ میں سگریٹ کے پیکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 330 روپے ہے۔ تاہم جیسا کہ اشتہار سے ظاہر ہے اس برانڈ کے لیے ذکر کردہ خوردہ قیمت قابل اطلاق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 330 روپے سے کم ہے۔