امریکا کا کہنا ہے کہ وہ یوکرینی پائلٹس کو ایف 16 لڑاکا طیارے اڑانے کی ٹریننگ دینے کیلئے تیار ہے۔
قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یورپی اتحادی ٹریننگ کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اگر ان کی استعداد سے بڑھ کر ضرورت پڑی تو امریکا بھی یوکرینی پائلٹس کو یہاں تربیت دینے کیلئے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کئی مراحل پر مشتمل عمل ہے اور ہم اپنے اتحادیوں کی مدد کیلئے پرعزم ہیں تاکہ اس معاملے کو جتنی جلدی ممکن ہو آگے بڑھایا جائے۔
جان کربی نے کہا کہ صدر بائیڈن یوکرین کو فورتھ جنریشن ایف 16 لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی منظوری دے چکے ہیں اور ہم یوکرین کو طویل مدتی صلاحیت مہیا کرنے کے عمل میں پیشرفت کیلئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ڈنمارک اور نیدرلینڈز یوکرین کے پائلٹس کو ایف 16 لڑاکا طیاروں کی تربیت دینے کے حوالے سے اولین ملکوں میں شامل ہیں۔
برطانیہ بھی یوکرینی پائلٹس کو ایف 16 طیاروں کی ٹریننگ دے رہا ہے۔