امریکا نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز سے ایف 16 لڑاکا طیارے یوکرین بھیجنے کی منظوری دے دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پائلٹ ٹریننگ مکمل ہوگی، یوکرین کو لڑاکا طیارے بھیج دیے جائیں گے۔
واشنگٹن نے ڈنمارک اور نیدرلینڈز کو باضابطہ طور پر یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔
نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ ووپکے ہوکسٹرا نے واشنگٹن کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اب ہم اس معاملے پر یورپی شراکت داروں کے ساتھ مزید بات چیت کرسکیں گے۔
ڈنمارک کے وزیر دفاع جیکب ایلیمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کئی بار یہ کہا ہے کہ پائلٹس کی ٹریننگ کے بعد طیاروں کی منتقلی اگلا قدم ہوگا۔
11 اتحادی ممالک رواں ماہ ڈنمارک میں یوکرین کے پائلٹس کو ایف 16 لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت دیں گے۔
نیٹو رکن ملک ڈنمارک اور نیدرلینڈز یوکرین کے پائلٹس اور عملے کو تربیت دینے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
اس ٹریننگ میں طیارے کی مینٹیننس اور اسے روس کے خلاف جنگ میں استعمال کرنے کی تربیت بھی شامل ہوگی۔
نیدرلینڈز کی وزارت دفاع کے مطابق اس کے پاس 24 آپریشنل ایف 16 طیارے ہیں جنہیں 2024 کے وسط تک فیز آؤٹ کردیا جائے گا۔
اس کے علاوہ 18 ایف 16 طیارے فروخت کیلئے دستیاب ہیں جن میں سے 12 عبوری طور پر فروخت ہوچکے ہیں۔
نیدرلینڈز اور ڈنمارک اپنی فضائیہ کے زیراستعمال ایف 16 طیارے یوکرین کو دے رہے ہیں۔