اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ) عوام کو بجلی کے بھاری بلز اور محکموں کے افسران کو مفت یونٹس دینے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔ شہری سعیدہ بیگم کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام اداروں سمیت عدلیہ اور ارکان پارلیمان کو مفت بجلی اور پٹرول کی سہولت کالعدم قرار دی جائے اور بجلی کے بلز پر عائد ٹیکس کالعدم قرار دیتے ہوئے آئی پی پیز سے ریکوری کی جائے۔ مخصوص طبقے کے لئے مفت بجلی اور عوام کیلئے بھاری بلز کے خلاف شہری سعیدہ بیگم کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت سے تمام محکموں کے افسران کو بجلی کے مفت یونٹس کی فراہمی فوری روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔