اسلام آباد(پی پی آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرِ ثانی کی اپیل مسترد کر دی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی پر عدالت مداخلت کرے گی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ آگے بڑھانے کا اختیار نہیں دیتا۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ کا حصہ تھے۔
سماعت کے آغاز پر وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی کا کہنا تھا کہ دو ہفتے پہلے سپریم کورٹ کا پنجاب انتخابات سے متعلق تفصیلی فیصلہ ملا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کچھ اضافی دستاویزات جمع کرانا چاہتے ہیں۔
وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں انتخابات کی تاریخ دینے کی حد تک اضافہ کیا گیا ہے، جس پر جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا اس سب کا نظر ثانی کیس سے تعلق نہیں بنتا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے کا وقت دے دیں تاکہ دلائل تیار کر سکوں۔جسٹس منیب نے ریمارکس دیئے کہ جو فیصلہ آیا وہ کیس ختم ہو چکا۔