نئی دہلی (آئی ا ین پی ) بھارتی ریاست منی پور میں جاری خانہ جنگی مودی حکومت کے کنٹرول سے باہرہوگئی، قبائلی تصادم میں 8افراد ہلاک، 18زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خونریز واقعات میں ہلاکتیں بشنوپور اور چورا چندپور کے اضلاع میں جاری کوکی اور میٹی قبائل میں جاری تصادم کے باعث ہوئیں ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس تمام صورتحال میں پولیس اور فوج خاموش تماشائی بنی رہی، جبکہ منی پور کے وزیراعلی بیرن سنگھ نے حالات کوسنگین اور نازک ترین قرار دیدیا۔ ڈی جی آسام رائفلزلیفٹیننٹ جنرل پردیپ نائر نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ،انہوں نے کہا ہے کہ کوکی، میٹی قبائل کے پاس بڑی تعداد میں ہتھیار موجود ہیں جس کے باعث فورسز کو ناکامی کاسامنا ہے، ماضی میں کبھی ایسی کشیدگی نہیں دیکھی، حالات انتہائی خراب ہیں۔ منی پور میں 4ماہ سے خانہ جنگی جاری ہے جس میں اب تک 300سے زائد افراد ہلاک جبکہ 50ہزار بے گھر ہوئے ہیں۔