برسلز( حافظ اُنیب راشد ) انڈین اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی گورنمنٹ کے تحت انڈیا میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انڈیا میں جمہوریت کی بقا کیلئے عوام کی آواز کو سنا اور اسے تحفظ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈین اوورسیز کانگریس کے رہنما کے ساتھ برسلز پریس کلب یورپ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا میں بے تحاشا بے روزگاری بڑھی ہے اور پیسہ صرف چند لوگوں کے ہاتھ میں جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تین چار لوگ ایسے ہیں جو ہر بزنس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ صنعت میں بھی ہیں اور تجارت میں بھی ، وہی بندرگاہوں کو بھی کنٹرول کر رہے ہیں اور ائرپورٹس کو بھی۔ ایسے میں اگر سمال اور میڈیم انڈسٹری نہیں چلے گی تو پھر بے روزگاری بڑھے گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انڈین میڈیا پر ان سماجی مسائل کو اجاگر نہیں کیا جا رہا ۔ کشمیر پر پوچھے گئے کئی سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اسے انڈیا کا اندرونی معاملہ قراردیا۔ تاہم ہر سوال پر انہوں نے کانگریس کی مجلس عاملہ کی جانب سے پاس کردہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کا ماننا ہے کہ کشمیریوں سمیت ہر ایک کو بولنے اور اپنے آزادانہ جذبات کے اظہار کا موقع ملنا چاہیے اور وہ پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکے۔ اپنے اس دورے کی غرض و غائیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اپنے دورہ امریکہ کے بعد اب یورپ میں مختلف سطح کی قیادت کے ساتھ انڈیا میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔