لاہور(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے رہائی کے حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو گرفتار کرنے پر انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے انہیں 18ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا ان کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے،ہم کسی اور طریقے سے بلائیں تو مناسب نہیں لگے گا،لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پرسماعت کی۔اس سےقبل عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔آئی جی اسلام آباد کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی اسلام آباد کو بتائیں کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا ان کے لئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے آئی جی کو عدالت کے حکم پر پیش ہونا ہی پڑے گا، انہوں نے کس طرح سے پیش ہونا ہے، یہ ان پر منحصر ہے۔