کوئٹہ (پ ر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک قابل اور سینئر قانون دان ہیں ۔ قوی امید ہے کہ ان کی سربراہی میں انصاف فراہم کرنے والے ادارے مزید فعال اور مضبوط ہوں گے اور موثرانداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقننہ ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کا مل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ملک میں قانون کی حکمرانی کی خواہاں ہے ۔ پوری قوم کی نظریںاس وقت سستے اور فوری انصاف کے لئے سپریم کورٹ کی طرف ہیں تاکہ عوام کے لاکھوں کیسز کی فوری طور پر شنوائی ہو سکے ۔ انصاف کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ سستا اور فوری انصاف نچلی سطح تک بھی پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں عدل ،آئین ، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔ عوام عدل و انصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ امید ہے کہ دنیا میں پاکستانی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔