کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے کمیٹی کے کردار، فرائض اور انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں بلوچستان صوبائی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا اس موقع پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنرایڈمنسٹریشن سید ندیم حیدر، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنرالیکشنز عبداللہ اور دیگر متعلقہ اداروں، بشمول نادرا، لوکل گورنمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے افتتاحی کلمات میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے کمیٹی کے کردار، فرائض اور انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے محروم طبقات کی مؤثر شمولیت، خواتین کے شناختی کارڈز کے اجراء اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے سمیت مختلف امور پر بھی تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر شرکاء کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ موصول سفارشات کی روشنی میں ووٹر آگاہی اور انتخابی شمولیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے ۔