• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹم کے ناروا چھاپوں سے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ،پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام کسٹم کے ناروا غیر قانونی چھاپوں ، رات کی تاریکی میں تالے توڑنے اور کروڑوں روپے کی قیمتی اشیاء قبضہ کرنے کیخلاف نیو ٹرک اڈا سیٹلائٹ ٹاؤن سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں تاجروں ، دکانداروں ، کاروباری اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی ، بعد ازاں مظاہرہ سرکی روڈ پر ایک احتجاجی جلسہ کی شکل میں تبدیل ہوا ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری کبیر افغان ، انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر حضر ت علی اچکزئی ، انجمن تاجران کے نائب صدر یاسین مینگل ،عبید اللہ اچکزئی اور امیر آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ شب کسٹم کے آفیسروں اور اہلکاروں نے بلال مارکیٹ ، جی ایم ٹی مارکیٹ میں گوداموں اور دکانوں کے تالے توڑ ڈالے اور قیمتی تجارتی سامان سے گاڑیاں لوڈ اور لوٹ مار کرکے چلے گئے ۔ جس سے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم کے آئے روز غیر قانونی چھاپوں ، لوٹ مار نے رہی سہی تجارتی سرگرمیاں مفلوج کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشاہد حسین سید کی سربراہی میں تشکیل شدہ پارلیمانی کمیٹی نے جب صوبے کا دورہ کیا او رتفصیلی رپورٹ مرتب کی اس رپورٹ میں کہا گیا کہ پشتون بلوچ دو قومی صوبے میں باڈر ایریاز میں صرف اسلحہ اور منشیات کا کاروبار سمگلنگ کے زمرے میں آتا ہے ، جبکہ باقی تمام اشیاء کی خرید وفروخت اور کاروبار تجارت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پولیس اور ٹریفک کے مختلف ناکوں اور چوکوں پر عوام کیا جینا دوبھر کردیا ہے ، شدید مہنگائی میں عوام پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور ہزاروں روپے چالان کرنے کی روش عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں ، پولیس اور ٹریفک کے حکام اس کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز ، مارکیٹوں ،گوداموں، دکانوں پر کسٹم کے ناوروا عوام دشمنی پر مبنی چھاپے ختم نہ کئے گئے تو پشتونخواملی عوامی پارٹی سخت لائحہ عمل طے کریگی ۔
کوئٹہ سے مزید