• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنیمیڈ کونسل کی زیر ملکیت پراپرٹیز میں سگریٹ نوشی پر پابندی کی تجویز

لندن (پی اے) ایک سرے کونسل کی زیر ملکیت گھروں میں رہنے والے رہائشیوں پر اپنی بالکونیوں میں سگریٹ نوشی کرنے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ رنیمیڈ بارو کونسل کی ہاؤسنگ کمیٹی اس تجویز پر بحث کرنے کیلئے اجلاس منعقد کرے گی۔ یہ تجویز ایک سروے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں جواب دہندگان کی اکثریت کا کہنا ہے کہ گھر کی بالکونی میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ کونسل نے کہا کہ مجوزہ پابندی سگریٹ نوشی کے سماج مخالف اثرات کو کم کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ بالکونیوں سے سگریٹ کے گرنے والے کوڑے کو محدود کرے گی۔ مجوزہ پابندی کی سفارش جنوری میں متاثرہ کرایہ داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔ 174ریذیڈنٹس میں 40نے لوکل اتھارٹی کو جواب دیا، جن میں سے 83 فیصد نان سموکرز تھے۔ چار افراد نے کہا کہ دوسرے گھر کے ساتھ والی بالکونی میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ 16افراد کا کہنا تھا کہ کسی بھی بالکونی میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ سروے میں 20جواب دہندگان نے کہا کہ اگر سگریٹ نوشی سے دوسرے ریذیڈنٹس کو پریشانی ہوتی ہے تو اس کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ کونسل دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے دوران دھواں ایک بالکونی سے دوسری بالکونی کی جانب اڑایا جاتا ہے، جس سے کسی کو پریشانی ہو سکتی ہے۔ سروے میں بالکونی میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہ دینے کی تجویز دینے والے تمام جواب دہندگان نے کونسل کو اپنی شناخت نان سموکرز کے طور پر کی ہے۔ لوکل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بالکونیوں کو کس طرح استعمال کیا جانا چاہئے، کے بارے میں واضح کمیونی کیشن کے بعد نئے رولز کو اپنانے کے ساتھ کرایہ داروں کی اکثریت کیلئے نفاذ نسبتاً سیدھا اور آسان ہوگا۔
یورپ سے سے مزید