کوئٹہ ( پ ر) اقتدار ہماری منزل کبھی نہیں رہی بلکہ عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور اور نصب العین ہے۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں کیا ،انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکن ہی پارٹی کا سرمایہ ہیںاور انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کارکنوں کی دن رات محنت سے پارٹی کی جڑیں آج عوام کے دلوں میں ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت میں دن رات کوشاں ہیں اور عوام کی خدمت ،ترقی و خوشحالی کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔عوامی مفادات کے لئے جوبھی اسکیمات جاری ہیں وہ اجتماعی مفادات کی بنیاد پر ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام ان مفید اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی سیاست کا محور خلوص نیت سے عوام کی بے لوث خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کارکنوں سے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کریں اور پارٹی منشور گھر گھر پہنچائیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں پڑھے لکھے اور بلوچستان کا درد رکھنے والے عوام بلوچستان عوامی پارٹی کو ووٹ دیں گے تاکہ بلوچستان تیز رفتار ترقی کی منازل طے کر سکے۔