کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام استقبال میلاد النبی و ختم نبوت ریلی میرگاہی خان چوک سریاب روڈ سے نکالی گئی جس کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے رکن شوریٰ و بلوچستان کے امیر مفتی وزیر احمد رضوی نے کی، اس موقع پر شرکاء نے بینرزوپلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی کے شرکاء کا ڈی ایس آفس مسجد کے باہر پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی ، مفتی محمد جان قاسمی ، مفتی محمد صدیق قادری ، مفتی محمد قادری صدیق ، ذوالفقارعلی طارقی ، قاری نور محمد حسینی ، علامہ ذیشان طارقی ، حافظ مظہر لیاقت ، مفتی مختار احمد حبیبی ، بزم اعلیٰ حضرت کے امیرعلامہ محمد عاقل ، طارق محمود عباسی ، محمد شریف سلطانی ، منیر احمد فردوس ، علامہ غلام فاروق بنگلزئی و دیگر نے استقبال کیا ۔ ریلی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ دونوں جہانوں کیلئے رحمت اور وجہ تخلیق کائنات ہیں ۔ ختم نبوت کے عقیدے پر مسلمانوں کا پختہ ایمان ہے ۔ بارہ ربیع الاول تاریخ عالم کا ایک ایسا عظیم الشان اور مقدس ترین دن ہے جس کی نظیر کائنات کی تاریخ پیش نہیں کرسکتی ، روئے زمین پر حضور اکرمﷺ ? سے بڑھ کر کوئی محبوب نہ دیکھا گیا اور نہ دیکھا جائے گا۔مقررین نےکہا کہ ربیع الاول رحمتوں و برکتوں کا مہینہ ہےاور اس ماہ میں جشن ولادت نبی پاکﷺ کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضور اکرم ﷺکے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر دنیا وآخرت میں اعلیٰ مقام حاصل کریں گے۔