• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منصفانہ اورغیرجانبدارانہ انتخابات ملکی استحکام کا باعث ہیں‘ پیپلز پارٹی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کو غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیا ہے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے بھی انتخابات کی حتمی تاریخ کا مطالبہ کیا تھا اور اب بھی اس مطالبہ پر قائم ہیں ۔ پیپلز پارٹی ہر ایسے غیر آئینی عمل کو مسترد کرتی ہے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دیں گے اور جیالے انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بروقت شفاف اورمنصفانہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے ۔ ہماری نظر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کا باعث ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور ہر ضلع کے الیکشن کمیشن آفیسر کو ریٹرننگ آفیسر کے اختیارات دیئے جائیں تاکہ الیکشن کی شفافیت پر سوال نہ اٹھیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ملک کو مسائل اور بحرانوںسے نکالنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پاکستان اور قوم کو مشکل حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔ آج بھی پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی امیدیں بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی سے جڑی ہوئی ہیں۔
کوئٹہ سے مزید