کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین شیر حیدر ، لعل جان ، شاہ محمد ، عنایت اللہ اور دیگر نے کہا ہے کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین پنشن اور دیگر مراعات نہ ملنے کی وجہ سے رمضان المبارک میں فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراء کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کا وعدہ بھی تاحال وفا نہیں ہوسکا ، ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز مطالبات کے حق میں 73 روز سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی پوری زندگی صوبے میں امن و امان کے قیام اور ڈیوٹی انجام دینے میں گزار دی اور اب چار سال سے پنشن اور دیگر جائز حق سے محروم ہیں جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ان کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آپہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کے جائزمطالبات تسلیم کرے بصورت دیگر ہم عیدالفطر کے موقع پر اپنے بچوں کے ہمراہ ریڈ زون میں احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اورمتعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔