کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) سابق وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہاہے کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کر کے ہم وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر تیزی کے ساتھ گامزن کر سکتے ہیں اسلام نے خواتین کو جو عزت و احترام دیا ہے وہ کوئی دوسرا مذہب آج تک نہیں دے سکاخواتین کسی بھی خاندان کی بہترین تربیت کیلئے بنیادی ادارہ کا کردار ادا کرتی ہیں آج ہمارے معاشرے میں خواتین تمام شعبوں میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں کوئی بھی ایسا شعبہ نہیں جس میں خواتین پیچھے ہوں ان خیالات کااظہار انھوں نے خواتین کےعالمی دن کے موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی کلیدی اور بنیادی ہے، کیونکہ وہ آبادی کا نصف حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، معیشت، دفاع اور سیاست سمیت ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی اور معاشرتی استحکام کے لیے خواتین کی تعلیم اور انہیں عملی میدان میں یکساں مواقع دینا ناگزیر ہے۔