ایشین گیمز میں سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان کا مایوس کُن آغاز ہوا ہے جبکہ تائیکوانڈو میں نائلہ کوارٹر فائنل میں پہنچ کر ہار گئیں۔
سوئمنگ میں پاکستان کے امان صدیقی اور احمد درانی اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے، انفرادی فری اسٹائل اور انفرادی میڈلے کی ہیٹس میں پاکستانی سوئمرز نمایاں کھیل نہ پیش کر سکے۔
مردوں کی 200 میٹر انفرادی میڈلے میں احمد علی درانی کی ٹائمنگ 2 منٹ 15.10 سیکنڈز رہی، انہوں نے نیا قومی ریکارڈ تو بنا لیا مگر اگلے راؤنڈ تک نہ آ سکے۔
اس سے قبل 200 میٹر انفرادی میڈلے میں پاکستان کا ریکارڈ 2 منٹ 16.26 سیکنڈز تھا۔
احمد کوالیفائی کرنے والے آخری سوئمر سے 12 سیکنڈز پیچھے اور مجموعی طور پر 27 میں سے 19 ویں نمبر پر آئے جبکہ پاکستان کے دوسرے ایتھلیٹ امان صدیقی 2 منٹ 18.65 سیکنڈز کے ساتھ 22 ویں نمبر پر رہے۔
100 میٹر انفرادی فری اسٹائل میں پاکستان کے احمد درانی ہیٹس میں 33 اور امان صدیقی 37 ویں پوزیشن پر رہے۔
علاوہ ازیں ایشین گیمز میں شوٹنگ کے مقابلے میں 25 میٹر ریپڈ فائر کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے روز جی ایم بشیر کا آٹھواں نمبر رہا۔
غلام مصطفیٰ بشیر نے پہلے روز 8 سینٹر آف ٹارگٹ کے ساتھ 282 پوائنٹس اسکور کیے، انہوں نے 8 سیکنڈز میں 98 پوائنٹس، 6 سیکنڈز میں 97 اور 4 سیکنڈز میں 87 پوائنٹس لیے۔
کوالیفائنگ فیز کا دوسرا راؤنڈ پیر کو کھیلا جائے گا اور فائنل تک رسائی کے لیے جی ایم بشیر کو ٹاپ 6 میں آنا ہو گا۔
دوسری جانب خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل میں مہک فاطمہ اگلے راؤنڈ تک نہ آ سکیں، کوالیفائنگ فیز میں مہک کا 40 واں نمبر رہا۔
علاوہ ازیں تائیکوانڈو مقابلے کے کوارٹر فائنل میں نائلہ کو جاپانی ایتھلیٹ نے ہرا دیا، نائلہ کے 100.0 پوائنٹس کے مقابلے میں یوکو نیوا نے 104.6 پوائنٹس حاصل کیے۔