• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، پاکستان کی مایوس کن کارکردگی، کوئی میڈل ہاتھ نہ آیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) چین میں جاری19ویں ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ شوٹر جی ایم بشیر میڈل نہ جیت سکے۔ فائنل میں 13 پوائنٹس لینے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ کوالیفائرز میں انہوں نے 583 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ ہاکی میں سنگارپور کو گیارہ گول سے ہرانے کے بعد پاکستان کا دوسرا میچ منگل کو بنگلہ دیش سے ہوگا۔ جبکہ میزبان چین نے مزید سونے کے تمغے اپنے نام کیے۔ ان کے گولڈمیڈلز کی تعداد 39 ہوچکی ہے۔ ان کے علاوہ چینی کھلاڑیوں نے 21سلوراور نو برانز میڈل بھی جیت لیے ہیں، اس کے تمغوں کی کی مجموعی تعداد 69ہے۔کوریا 10گولڈ،10سلور اور 13برانز کے ساتھ دوسرے،جاپان پانچ گولڈ،14سلور اور 12 برانز لے کر تیسرے نمبر پر ہے۔ ازبکستان نے اب تک چار سونے،چار چاندی اور چھ کانسی کے تمغے اپنے نام کرکے چوتھی ،ہانگ کانگ نے تین طلائی، تین نقرئی اور سات کانسی کے میڈل جیت کر چوتھی ،بھارت نے دو گولڈ،تین سلور اور چھ برانز کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کررکھی ہے۔ٹینس ڈبلز میں پاکستان کا آغاز کامیابی سے ہوا ہے۔ عقیل خان اور اعصام الحق کی جوڑی نے پہلے راؤنڈ میں مشرقی تیمور کی اینتونیو میندس اور گوٹریس فیریا پر مشتمل ٹیم کے خلاف چھ ایک اور چھ صفرسے کامیاب حاصل کی۔ ویمنز ٹینس سنگلز میں پاکستانی پلیئرز دوسرے راؤنڈ میں آؤٹ ہو گئیں۔ سارہ ابراہیم کو سیڈ 4 فلپائنز کی ایلیکس ایلا اور اشنا سہیل کو سیکنڈ سیڈ چین کی لین زھو نے شکست دی۔ اشنا ایک گیم بھی نہ جیت سکیں۔ سوئمنگ مقابلوں میں کوئی بھی تیراک ابتدائی ہیٹس سے آگے نہ بڑھ سکا۔ خواتین کی 50 میٹر بیک اسٹروک میں فاطمہ لوٹیا 29 میں سے 27 ویں نمبر پر رہیں، ان کی ٹائمنگ 35.38 کوالیفائی کرنے والی آخری تیراک سے 7.79 سیکنڈز پیچھے تھی۔ مردوں کی 50 میٹر فری اسٹائل میں احمد درانی 35 ویں اور حمزہ انور 38 ویں نمبر پر رہے۔ ویمنز 200 میٹر فری اسٹائل میں جہاں آراء نے 23 میں سے 17 ویں پوزیشن لی ۔ مردوں کی 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں حمزہ انور 28 میں سے 27 ویں نمبر پر رہے۔ فری اسٹائل ریلے میں پاکستانی ٹیم 13 میں سے 12 ویں نمبر پر رہی۔ تائی کوانڈو کے 58 کے جی کے مقابلوں میں ہارون سیکنڈ سیڈ اور پاکستان کیلئے میڈل کی امید تھے تاہم ہارون خان کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا رہا ۔ انہیں کرغزستان کے ایڈین التیباو نے دو ۔ ایک سے ہرایا۔ والی بال کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو عالمی نمبر 17 قطر کےخلاف شکست ہوئی۔بھارت نے ایشین گیمز کا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ جبکہ 15 سالہ اسکیٹ بورڈر ہینانو کوساکی نے جاپان کو گولڈمیڈل دلادیا۔ بھارت کے دیویانش پنوار، رودرنکش پاٹل اور ایشوری تومر نے ملٹی اسپورٹس اسٹرواگنزا میں 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں ریکارڈ 1893.7 پوائنٹس کے ساتھ فتح نام کی۔شوٹنگ کا ایک اور عالمی ریکارڈ مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل میں چین کے شینگ لیہاؤ نے 253.3 پوائنٹس کے ساتھ بنایا۔ بریسٹ اسٹروک کے چین کےعالمی چیمپئن کن ہائیانگ نے 57.69 میں 100 میٹر کا گولڈ میڈل جیتا۔ جنوبی کوریا کے چوئی ڈونگ یول دوسرے نمبر پر آئے۔

اسپورٹس سے مزید