مانچسٹر (نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئےبہترین ملک ہے اور پاکستان میں جمہوری نظام کے استحکام کیلئے سیاسی پارٹیوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ پاکستان میں جمہوریت اور آئین کی بالا دستی ہو سکے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میثاق جمہوریت کی طرز کا کوئی اتحاد نہیں ہو رہا تاہم تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک میں آئین کی بالادستی جمہوریت اور استحکام پاکستان مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، انشاءاللہ پاکستان میں وقت پر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ ہاؤس چیتہم ہل مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین بھی برطانیہ کے دورے پر آئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز وطن کا قیمتی سرمایہ ہیں اور وہ وطن کو ہر لحاظ سے خوشحال اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بزنس مین اور صنعت کار پاکستان میں سرمایہ کاری اور پاکستان کو معاشی طور پر خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو عزت و اہمیت دی ہے۔ اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر چوہدری یاسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی پاکستان کے مسائل کو حل کرنے اور خوشحالی لانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر چوہدری محمد آصف ، قمر زمان، امجد حسین مغل، مدثر شاہ، حاجی عبدالغفور، راجہ ظفراللہ خان، محمد نواز، ملک ظہیر ،چوہدری محمود ،راجہ وقاص ، مصطفیٰ مغل کے علاؤہ بزنس کمیونٹی اورپیپلز پارٹی کے کارکن بھی موجود تھے۔