کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اہلسنت و الجماعت کے رہنماؤں پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی ، مفتی محمد جان قاسمی ، علامہ شہزاد احمد رضا عطاری نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ، انتظامیہ اور فورسز کا ہمیشہ تعاون حاصل رہا ہے تاہم مشاورت کے بغیر سیکورٹی پلان ترتیب دینے پر تحفظات ہیں، ہماری تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر محمد نعیم مدنی ، ذوالفقار علی طارقی ، علامہ ذیشان طارقی ، سہیل اشرف نقشبندی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔ کوئٹہ شہر میں ہر سال 30 کے قریب چھوٹے بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں جو 13 بڑے جلوسوں میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ہر سال گاہی خان چوک ، سریاب روڈ ، کلی قمبرانی ، کلی کرانی ، وحدت کالونی ، ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی ، جوائنٹ روڈ ، کواری روڈ ، فقیر محمد روڈ ، وفا روڈ ، جیل روڈ ہدہ ، دربار یوسفیہ ، بروری روڈ سے مقررہ روٹ سے جلوس میزان چوک پہنچیں گے جہاں سے مرکزی جلوس علماء اہلسنت کی قیادت میں لیاقت بازار ، پرنس روڈ ، مسجد روڈ ، قندہاری بازار ، سورج گنج بازار سے ہوتا ہوا منان چوک پر اختتام پذیر ہوتا ہے تاہم اس سال 12 جمعۃ المبارک کی وجہ سے جلوس سورج گنج بازار نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال مشاورت کے بغیر سیکورٹی پلان پر تحفظات ہیں ۔ انتظامیہ ہماری شکایات اور تجاویز پر عمل اور میٹرو پولیٹن حکام جلوس کے روٹس پر صفائی کیلئے اقدامات کریں ۔