بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) اسپیکر قومی اسمبلی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نےمغل ہاؤس بریڈفورڈ کا دورہ کیا۔مغل ہاؤس آمد پر آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ممبر ومعروف بزنس مین محمد صابر مغل، پیپلزپارٹی برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد مغل، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈز راجہ غنضفر خالق ،پیپلز پارٹی برطانیہ کے مرکزی نائب صدر ساجد علی قریشی ،پیپلز پارٹی ویسٹ یارکشائرز کے صدر چوہدری محمد صغیر پوٹھی، چوہدری ذوالفقار روپیال،اشفاق مغل،عتیق مغل ،عدیل مغل،قاسم مغل،عمران رمضان،محمد یوسف سمیت دیگر افراد نے ان کا استقبال کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، چوہدری یاسین نے صابر مغل کی اہلیہ، زاہد مغل کی بھابھی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کےدرجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک اور قوم کی بقا کی جنگ لڑی ہے، پیپلز پارٹی ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کر رہی ہے، آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی اور اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا انھوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی قوم کا عظیم اثاثہ ہے، تارکین وطن کا ملک کی ترقی و خوشحالی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے کردار ناقابل فراموش ہے۔ صدرپیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے کہا ہے کہ زاہد مغل کی برطانیہ میں پیپلز پارٹی کی مضبوطی کیلئے خدمات کسی سےپوشیدہ نہیں، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تمام امیدوں اور تمناؤں کا مرکز و محور پاکستان ہے، ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈائس پورہ نے ہر مشکل وقت میں بھرپور کردار ادا کیا ہے جس کا ہم اعتراف کرتے ہیں۔ اس موقع پر صابر مغل اور زاہد مغل نے قائدین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحدسیاسی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ کارکنوں کی قدر کی ہے۔آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرےگی، قائد بلاول زرداری بھٹو کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔ سابق وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف سے مرکزی صدر آزادکشمیر اوورسیز ایڈوائزری کونسل خالد محمود خالق نے بھی ملاقات کی اور انہیں ڈیجیٹل قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا، پاکستان ،آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال،تارکین وطن کے مسائل اورآمدہ الیکشن پرتبادلہ خیال کیا سابق وزیراعظم پاکستان، اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے اوورسیز کمیونٹی کے حوالے سے خالد محمود خالق کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یٰسین بھی موجود تھے، راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ تارکین کا کردار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،اووسیز ایڈوائزری کونسل کی تارکین وطن کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، ہم امید کرتے ہیں راجہ خالد محمود خالق کی قیادت میں اوورسیز ایڈوائزری کونسل تارکین وطن کیلئے اپنی خدمات کا تسلسل جاری رکھے گی۔