بھارت میں مریض کے پیٹ سے نکلنے والی چیزیں دیکھ کر ڈاکٹر حیران رہ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستِ پنجاب کے اسپتال میں آپریشن کر کے ڈاکٹر نے مریض کے پیٹ سے ایئر فونز، لاکٹس، اسکریو اور راکھی نکال دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ مریض کو پیٹ درد اور بخار کی شکایت پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مریض کے پیٹ کا درد کم نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ کا ایکسرے کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ درد کی وجہ معلوم کی جا سکے جس کے بعد سامنے آنے والے نتائج حیران اور پریشان کن تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایکسرے میں اس شخص کے پیٹ میں کئی دھاتی اشیاء کو دیکھا گیا جس کی وجہ سے اس کا 3 گھنٹے طویل آپریشن کرنا پڑا، ڈاکٹر نے مریض کے پیٹ میں موجود تمام اشیاء کامیابی سے نکال دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے پیٹ سے نکالی گئی تقریباً 100 اشیاء میں ایئر فون، واشر، نٹ بولٹ، تاریں، راکھی، لاکٹس، بٹن، ریپر، ہیئر کلپس، زپ ٹیگ، ماربل اور سیفٹی پن شامل ہیں۔
اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمیر کالرا نے کہا ہے کہ یہ اس طرح کا پہلا کیس تھا اور یہ شخص 2 سال سے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا تھا۔
ڈاکٹر نے کہا کہ اگرچہ اس کے جسم سے تمام اشیاء نکال دی گئی ہیں لیکن اس شخص کی حالت مستحکم نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اشیاء اس کے معدے میں کافی عرصے تک موجود تھیں اور اس کی وجہ سے صحت کے دیگر مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بھی حیران ہیں اور نہیں جانتے کہ اس نے یہ چیزیں کب اور کیوں کھائی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مریض کے والدین کو اس بارے میں کوئی علم نہیں تھا کہ اس نے یہ چیزیں کیسے کھائیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی امراض میں مبتلا ہے۔