• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڈنی میں آئی فیم کا 2 روزہ کنونشن آج سے شروع ہوگا

اسکرین گریب----سوشل میڈیا
اسکرین گریب----سوشل میڈیا

آسٹریلیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی جماعت اسلامک فورم آف آسٹریلین مسلم (آئی فیم) کا 2 روزہ کنونشن آج سے سڈنی میں شروع ہو گا جس میں شریک ہونے والوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 5 ہزار ہوگی۔

اس کنونشن کا موضوع ’آسٹریلیا کے مسلمانوں میں اختلاف رائے کی رنگا رنگی، ان کو درپیش چیلنج اور ان کے لیے مواقع‘ ہے۔

اس کا ایک اور مقصد یہاں کے مسلمانوں میں اتحاد، نوجوانوں کو درپیش مشکلات کا حل اور ان کی اسلامی بنیادوں پر تعلیم و تربیت کی سوچ بچار ہے، یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ کنونشن کے شرکاء کی بڑی تعداد نوجوانوں کی ہوگی جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔

آسٹریلیا میں مسلمانوں کی کسی بھی جماعت کا یہ پہلا بڑا کنونشن ہے جس سے آسٹریلیا میں اسلام کی دعوت کو عام کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

اس کنونشن میں آسٹریلیا کے مقامی علماء اور قائدین کے علاوہ بیرون ملک سے مہمان بھی شریک ہوں گے جن میں سب سے بڑا نام امریکا کے بڑے اسکالر اور عالم دین ڈاکٹر یاسر قاضی کا ہے۔

اس کے علاوہ امریکا کے مسلمانوں کی سب سے بڑی جماعت اکنا کے صدر ڈاکٹر محسن انصاری، جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اظہر اقبال حسن، انڈیا جماعت کے سیکریٹری جنرل امین الحسن، اسلامک سرکل آف سدرن افریقہ کے صدر ڈاکٹر حافظ ندیم احمد، اسلامی سرکل آف جاپان کے سابق صدر محمد سعید بیگ، تجمل چوہدری، یو کے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر حماد لودھی، اکنا کینڈا کے صدر اعجاز طاہر اور محمد سید فاروق خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

آئی فیم کے سیکریٹری جنرل نے کنونشن سینٹر میں بات چیت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کنونشن میں شریک ہوں گے اور اسلام کی تعلیمات پر اسکالرز کے مطالبات سنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک کنونشن میں شریک ہونے کے لیے 3 ہزار سے زیادہ لوگ رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور توقع ہے کہ یہ تعداد بڑھ کر 5 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔ 

کنونشن کے پہلے دن کا آغاز رجسٹریشن کے بعد نماز ظہر سے ہو گا اور افتتاحی اجلاس سے ڈاکٹر یاسر قاضی خطاب کریں گے، ان کی تقریر کا موضوع مغربی ممالک میں رہنے والے مسلمانوں کو درپیش چیلنج ہوگا جبکہ دوسرے سیشن  میں مستحقین کی امداد اور فلاح و بہبود کے کاموں کے ذریعے دعوت دین کا کام کے عنوان پر اظہار خیال کیا جائے گا۔

شام کو دنیا کے مشہور قاری سعد نعمانی اپنی قرات قرآنی سے کنونشن کے حاضرین کو روحانیت سے منور کریں گے۔

اس کنونشن میں شاپنگ اسٹالز اور کھانے پینے کے بازار کے علاوہ بچوں کے کھیل کود کا بھی انتظام کیا گیا ہے، یہ کنونشن دو روز ہل گارڈنز سڈنی میں منعقد ہو گا۔

خاص رپورٹ سے مزید