بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے شوہر رنبیر کپور کے جعلی انسٹاگرام اکاؤنٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کی اداکارہ 30 سالہ عالیہ بھٹ نے گزشتہ دنوں اپنے شوہر چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کو سوشل میڈیا انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ اداکار رنبیر کپور 28 ستمبر کو 41 سال کے ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں شوہر کے ہمراہ گزارے گئے یادگار اور خوبصورت لمحات کو تصویروں کی شکل میں شیئر کیا۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے شوہر رنبیر کپور کو اپنا پیار، سب سے اچھا دوست اور اپنی خوشی قرار دیا۔
اداکارہ کا مزید لکھنا تھا کہ ’جیسا کہ آپ میرے پاس بیٹھے اپنے خفیہ اکاؤنٹ سے یہ کیپشن پڑھ رہے ہیں، میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی سالگرہ مبارک ہو۔‘
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ کی سوشل میڈیا پر بھاری بھرکم فین فالوونگ موجود ہے جبکہ اداکار رنبیر کپور کا بظاہر سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر کوئی تصدیق شدہ اکاؤنٹ نہیں ہے۔