پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر صوبے کے تدریسی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے، بدھ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ ٹی ایم اوز اور ہاؤس آفیسرز نے اختیاری خدمات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ پی ڈی اے کے چیئرمین ڈاکٹر زبیر ظاہر کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ ماننے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ دیگر ہسپتالوں تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اوز اور ایچ اوز کی تنخواہ میں اضافہ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ٹی ایم اوز کے کیٹگری بی کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں سیکورٹی ایکٹ 2020 لاگو کیا جائے ۔ایم ٹی آئی ہسپتالوں کی فیکلٹی کو جاب سیکورٹی دیکر انہیں پی ایم ڈی سی قوانین کے مطابق ترقی دی جائے گی۔ ڈاکٹرز آج خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ مطالبات کی منظوری کے لئے ڈاکٹروں کا احتجاج تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے۔