برمنگھم (نمائندہ جنگ) اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری وادی کی رہائش گاہ پر برمنگھم میں ہوئی۔ اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی مڈلینڈز ، برطانیہ چوہدری شاہنواز اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے تارکین وطن کی پاکستانی معیشت کی بہتری اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے گراں قدر خدما ت پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پاکستانی و کشمیر ی ہمارا سرمایہ ہیں پاکستان کا بچہ بچہ اوورسیز پاکستانیوں کی کامیابیوں اور بہتر مستقبل کیلئے دعا گو رہتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا تارکین وطن جس خلوص اور تسلسل کے ساتھ پاکستان کے وقار اور بہتری کیلئے کردار ادا کررہے ہیں، بے مثال ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ اقتدار میں دوبارہ آنے کے بعد تارکین وطن کو درپیش مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر کا م کیا جا ئے گا۔ ان کا کہنا تھا اوورسیز کے سفری مسائل،قومی ائر لائن کے حوالہ سے شکایا ت کو وہ حکومت وقت کے سامنے رکھیں گے ۔ تقریب کے اختتام پر چوہدری وادی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سابق وزیر آزاد کشمیر چوہدری افسر شاہد ، عنصر علی خان، مرزا اختر محمود، راجہ جاوید اقبال ،راجہ وقار اسلم کیانی ، چوہدری وقاص گجر ، چوہدری عزیز ، محمد قیوم ، محمد شبیر ، راجہ زاہد ، محمد نوید، چوہدری محمد لطیف، چوہدری محمد عارف، چوہدری محمد حنیف اور دیگر بھی موجود تھے۔