بالی ووڈ کے معروف فلمساز بونی کپور نے اپنی اہلیہ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی موت پر بلآخر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں بونی کپور نے انکشاف کیا کہ سری دیوی اچھا نظر آنے کےلیے اکثر بھوکی رہتی جو کئی بار بلیک آؤٹ کی وجہ بھی بنا۔
سری دیوی کا انتقال 24 فروری 2018ء کو ہوا، اُن کی بے وقت موت کا صدمہ فلم انڈسٹری اور دنیا بھر میں موجود اُن کے مداحوں کو پہنچا۔
لیجنڈ اداکارہ کی موت پر ارجن کپور اور صاحبزادی جھانوی کپور کئی بار اس بڑے نقصان پر اظہار خیال کرچکے ہیں لیکن بونی کپور نے پہلی بار لب کشائی کی ہے۔
بھارتی فلم ساز نے بتایا کہ سری دیوی کی موت فطری نہیں تھی بلکہ حادثاتی تھی، جب مجھ سے 24 تا 48 گھنٹے کی پوچھ گچھ ہوئی تو میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اس بارے میں بات نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے تفتیشی افسران نے کہا کہ آپ کو اس عمل سے گزرنا پڑے گا کیونکہ ہم پر بھارتی میڈیا کا بہت زیادہ دباؤ ہے۔
بونی کپور نے مزید کہا کہ مجھے دوران تفتیش شک کا فائدہ نہیں دیا گیا، میں تحقیقات کے تمام مراحل سے گزرا، جن میں جھوٹ پکڑنے والی مشین کا ٹیسٹ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سری دیوی کی موت پر جو رپورٹ آئی اُس میں واضح تھا کہ یہ ایک حادثہ تھا۔
فلمساز نے یہ بھی کہا کہ سری دیوی اچھا دکھنے کےلیے اکثر بھوکی رہتی، وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی کہ وہ اسکرین پر خوبصورت نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے شادی کے بعد اہلیہ کو کئی مواقعوں پر کم بلڈ پریشر کے باعث بلیک آؤٹ بھی ہوا۔
بونی کپور نے سری دیوی کے ساتھی اداکار ناگا ارجنا کے ایک بیان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جب وہ تعزیت کے آئے تو مجھے بتایا کہ بھوکا رہنے کی وجہ سے اداکارہ فلم کی عکس بندی کے دوران باتھ روم میں گر گئی اور اُن کے دانت ٹوٹ گئے۔