کراچی (این این آئی)کراچی کے مرکز میں واقع اہم تجارتی و کاروباری علاقے عبد اللہ ہارون روڈ کو نو پارکنگ زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاجروں نے اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔اس سلسلے میں کے ایم سی نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کوخط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بے ہنگم پارکنگ کرنے سے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، بے ہنگم پارکنگ سے ٹریفک کی روانی میں شدید دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ٹریفک جام ختم کرنے کیلئے عبداللہ ہارون روڈ کو نوپارکنگ زون کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب تاجروں نے اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ موبائل مارکیٹ اور اس کے اطراف کی چھوٹی بڑی مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنز اور کاروباری انجمنوں کا کہنا ہے کہ پارکنگ ختم کرنے سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہو گا۔