اسلام آباد ( نیوزرپورٹر،کامرس رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر عوام نے ان کو ووٹ کے ذریعے اقتدار میں لایا تو وہ پاکستان کو سود سے پاک گرین، کلین اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ سودی معیشت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اقتدار ملنے کی صورت میں ان کا سب سے پہلا حملہ سودی نظام کے خلاف ہو گا ۔ جب تک پاکستان کی معیشت کو سود سے پاک نہیں کیا جاتا ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میںتاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم، نصراللہ رندھاوا ، کاشف چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے ایک نیشنل گورنمنٹ بنائی جائے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، ظفر بختاوری ، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، اجمل بلوچ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔