کراچی (اسٹاف رپورٹر) احمد آباد میں کیپٹنز ڈے کی تقریب میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور میزبان ٹیم بھارت کے کپتان روہت شرما ایک ساتھ اسٹیج پر آئے ورلڈ کپ سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کے پیغامات کی ویڈیو شیئر کی جارہی ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا تھا ہمیں بالکل بھی نہیں لگا کہ ہم بھارت میں ہیں، ہمیں ایسا لگا کہ ہم اپنے ہی ملک میں ہیں، ہم ایسے شاندار استقبال کی توقع نہیں کر رہے تھے ۔ اسٹیڈیم میں بھی سپورٹ ملی ہے ، امید ہے کہ آگے بھی اسی طرح سپورٹ ملے گی۔ ہمارے فینز بھی آجاتے تو مزید اچھا لگتا۔ میزبان روی شاستری نے سوال کیا کہ بابر بریانی کیسی تھی؟ اس پربابراعظم اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے اور جواب دیا کہ ہم 100 مرتبہ بتا چکے ہیں کہ بہت اچھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہماری تیاری اچھی ہے ،وارم اپ میچوں سے اچھی پریکٹس ملی ہے۔ کسی بھی ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جیتنا بہت اہم ہوتا ہے۔ کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے، پہلی بال سے جیت کیلئے جائیں گے۔ کوئی دباؤ نہیں ہے ، باؤنڈریز چھوٹی ہیں، زیادہ رنز بنیں گے ۔