کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج،عالمی صورتحال سےپریشان سرمایہ کاروں کی فروخت کو ترجیح ، فروخت کا دباؤ برقرار رہنے سے مارکیٹ میں بدھ کو بھی مندی ریکارڈ کی گئی،کے ایس ای100انڈیکس میں 1382 پوائنٹس کی کمی،ایک لاکھ 83 ہزار کی حد بھی برقرار نہ رہی،72.87 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 139 ارب 52 کروڑ 33 لاکھ روپے کی کمی،کاروباری حجم بھی 0.30 فیصدکم رہا،تفصیلات کے مطابق عالمی کشیدگی کےباعث پیدا ہونے والی بے یقینی اور قومی معاشی صورتحال بارے منفی خبروں سے سرمایہ کار مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے گریزاں نظر آتے ہیں،بدھ کو اگرچہ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز پر چند منافع بخش سیکٹرز میں مالیاتی اداروں کی خریداری سے تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 775 پوائنٹس کےاضافے سے ایک لاکھ 84 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیالیکن جلد ہی منافع کی خاطر فروخت کا دباو بڑھ گیا جس سے صورتحال تبدیل ہو ئی اور انڈیکس1582 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 83 ہزار پوائنٹس سے بھی نیچے آگیا۔