کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں اگلے سال ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کی میزبانی مالی مشکلات کی وجہ سے خطرے میں پڑ گئی ہے، معاشی بحران کے سبب کسی شہر میں کھیلوں کے مقامات کی تزئین و آرائش شروع نہیں ہوسکی ہے۔ پاکستان نے آخری بار 2004 میں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کی تھی ۔ اس سلسلے میں سائوتھ ایشین گیمز فیڈریشن بنگلہ دیش سے رابطے میں ہے، تاہم بنگلہ دیش نے کوئی جواب نہیں دیا ہے، سری لنکا نے پہلے ہی میزبانی سے انکار کرچکا ہے ۔ جنوری میں نئے انتخابات کی صورت میں نئی منتخب حکومت سے مشاورت کے بعد پی او اے کے حکام ان مقابلوں کی میزبانی کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے، پاکستان نے گیمز کی فیڈریشن سے چند ماہ کا وقت مانگا ہے، پی او اے کے ایک سینئر عہدے دار نے جنگ کو بتایا ہے کہ مقابلوں کیلئےابھی کھیلوں کے مقامات کو بہتر بنانے کیلئے خاصا کام باقی ہے۔