لوٹن (نمائندہ جنگ) انگلینڈ کے فٹ بال لیجنڈ سربو بی چارلٹن انتقال کرگئے، ملک بھر میں فضا سوگوار ہے۔وہ ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلاتھے۔ چارلٹن نے تین لیگ ٹائٹل، ایک ایف اے کپ اور ایک یورپی کپ اپنے نام کیا۔ انہوں نے106 میچوں میں 49 گول بھی کئے، جس نے 1966میں ورلڈ کپ جیتنے میں ان کی مدد کی۔ انگلینڈ کے سابق اسٹرائیکر گیری لائنکر نے بی بی سی ریڈیو 5 لائیو کو بتایا کہ وہ ہیرو اور دوستوں کے دوست تھے۔ انگلینڈ کے منیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے بھی چارلٹن کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کئی مواقع پر ان سے ملنے کی سعادت نے مجھے انگلینڈ کی نمائندگی کرنے پر ان کے ذاتی فخر اور جذبات کو سمجھنے کا موقع دیا۔ ریڈ ڈیولز کے منیجر ایرک ٹین ہیگ نے ہفتے کے روز شیفلڈ یونائیٹڈ میں اپنی ٹیم کی پریمیئر لیگ کی فتح کے بعد کہا کہ ایک لیجنڈکا انتقال ہو گیا،جس کی کامیابیاں بہت زیادہ ہیں۔ کلب کے کپتان برونو فرنینڈس نے برامال لین میں کک آف سے قبل چارلٹن کی یاد میں پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ کھلاڑیوں اور شائقین نے ایک منٹ تک تالیاں بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔