کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے دعویٰ کی ہے کہ شہر میں نئے پولیس افسران کی تعیناتی کے بعد اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ پہلے روزانہ 77 افراد موبائل فون سے محروم ہوتے تھے، اب 73 افراد موبائل سے محروم ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح پہلے روزانہ 7 گاڑیاں شہر سے چوری اور چھینی جاتی تھی اب گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے روزانہ 6 چھینی یا چوری کی جارہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں موجود ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللّٰہ چاچڑ نے بتایا کہ شادمان ٹاؤن میں بدھ کو ہونے والی بینک ڈکیتی کے پانچوں ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان سے لوٹی گئی 80 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان میں اسحاق، عمران، منصور، صدیق اور غفار شامل ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا کہ موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جس سے چھینے گئے موبائل فون کی دوبارہ فروخت کا نیٹ ورک بھی کافی حد تک ٹوٹ گیا ہے۔