کراچی(ٹی وی رپورٹ)فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے پر عملدرآمد اور دھرنے کے ذمے داران کے تعین کے لئے حکومت نے 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع، ڈائریکٹر آئی ایس آئی شامل ہیں۔ اس حوالے سے اٹارنی جنرل نے عمل درآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
اٹارنی جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
رپورٹ میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں شامل افراد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ٹی او آرز بھی عمل درآمد رپورٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی طے شدہ ٹی او آرز کے تحت انکوائری کرے گی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی فیض آباد دھرنے سے متعلق شواہد اکٹھے کرے گی اور حاصل شواہد و دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔